کوپل 18/اگست (ایس او نیوز) کوپل کے سرکاری رہائشی اسکول میں ایک المناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں الیکٹرک شاک لگنے ہوسٹل میں قیام کرنے والے 4طالب علموں کی موت واقع ہوگئی ہے۔
کوپل پولیس سپرنٹنڈنٹ رینوکا سوکمارنے بتایا کہ یہ جان لیوا حادثہ اتوار کے دن اس وقت پیش آیا جب اسکول کی چھت پر یوم آزادی کا پرچم لہرانے کے لئے مٹی کے ڈرم میں رکھا گیا لوہے کا پائپ اسکول کے بچوں نے نکالنے کی کوشش کی۔ توازن بگڑ جانے سے لوہے کا پائپ عمارت کے اوپر سے گزرنے والے11کلوواٹ بجلی کے تاروں کو چھو گیا اور چار طلبہ شاک لگنے کی وجہ سے ہلاک ہوگئے۔
اس دردناک واقعے میں ہلاک ہونے والے طلبہ کی شناخت ملیکارجن، بسواراج، دیوراج، گنیش اور کمار کے طور پر کی گئی ہے، جو بی سی ایم دیوراج ارس کنگس ریسیڈنشیل اسکول میں زیر تعلیم تھے اور ہوسٹل میں مقیم تھے۔ایس پی نے بتایا کہ اسکول ہاسٹل کے وارڈن، ایک منزلہ عمارت کے مالک اور بجلی فراہم کرنے والی کمپنی گیسکام کے خلاف لاپروائی برتنے اور ہلاکت کا سبب بننے کے لئے آئی پی سی کی دفعہ 304Aکے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کرناٹکا نے اس حادثے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور اس معاملے کی تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے۔اس کے علاوہ مہلوک طلبہ کے گھر والوں کو پانچ لاکھ روپے فی کس معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔